سائنسدان زرعی پالیسی کو ازسرنو تشکیل کیلئے سفارشات مرتب کریں :حسین جہانیاں


فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے سائنسدانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ زرعی پالیسی کو ازسرنو تشکیل دینے کیلئے سفارشات مرتب کریں تاکہ زراعت کو درپیش مسائل کا سائنسی بنیادوں پر حل تلاش کرتے ہوئے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ دیہی ترقی اور غربت کے خاتمے کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی میں منعقدہ زرعی پالیسی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کو ہدایت کی کہ زرعی سفارشات مرتب کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ زراعت کو درپیش چیلنجز سے نبردآزماہونے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کیے جاسکیں۔ اگرچہ پاکستان کا شمار زرعی ممالک میں ہوتا ہے مگر پھر بھی ہماری فی ایکڑ پیداوار ترقی یافتہ ممالک کی نسبت کافی کم ہے۔ زراعت میں بیج ،روائتی طریقہ کاشت ، زمینی زرخیزی، آبپاشی جیسے جملہ مسائل عذائی عدم استحکام کا باعث بن رہا ہے ۔ اگر سیڈ ایکٹ 2015 کو اس کی روح کے مطابق رائج کیا جائے تو ناقص بیج جیسی پیچیدگیوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ آبادی کے بڑھنے کے ساتھ ساتھ شہروں کا بے ہنگم پھیلائو زرعی رقبے کو کھا رہا ہے جس کیلئے ہمیں شہروں میںعمودی  پھیلائو کی بجائے افقی  پھیلائو جیسے اقدامات کرنے ہونگے۔ 40 فیصد آبادی غذائیت کی کمی کا شکار ہے جبکہ پوسٹ ہارویسٹ نقصانات جمود کا شکار زراعت زمین اور پانی کے مسائل ، غیر متناسب کھاد کا استعمال سمیت مختلف مسائل کے حل کیلئے زرعی سائنسدانوں کو مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانی ہونگی۔ 

ای پیپر دی نیشن