لاہور(کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاشف انور، سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری، نائب صدر عدنان خالد بٹ اور ایگزیکٹو کمیٹی نے مستونگ میں دہشت گردحملے کی شدید مذمت کی ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹو کمیٹی نے اپنے اجلاس میں ایک مذمتی قرارداد منظور کی۔ انہوں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مستونگ واقعہ ایک غیر انسانی واقعہ ہے جس میں بے گناہوں کا خون بہایا گیا جس کی شدید مذمت کرتے ہیں اور سوگواران کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہیں۔ جبکہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے اپنی 2سالہ صدارت کا ایک سال کامیابی سے مکمل کرلیا اور اس اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تجارت، صنعت اور معیشت کیلئے اپنی انتھک کوششیں جاری رکھیں گے۔انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کے ساتھ اپنی ملاقات کو بطور صدر لاہور چیمبر اپنے پہلے سال کے دوران ہونے والا ایک اہم ایونٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے انتہائی بہترین نتائج برآمد ہوئے، ڈالر کی قیمت میں فوری کمی اور سٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آئی۔ ایک سال کے دوران اپنی کارکردگی کا خلاصہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سفیر نے طویل عرصے کے بعد ایل سی سی آئی کا دورہ کیا۔ لاہور چیمبرمیں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے اہم ملاقات بھی ہوئی۔
لاہور چیمبر: ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ،مستونگ حملے کیخلاف،مذمتی قرارداد منظور
Oct 01, 2023