لندن (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کی قیادت نے لندن کی میٹنگز میں پارٹی بیانیے سے متعلق اہم فیصلے کیے۔ نواز شریف کو وطن واپسی، آئندہ کی حکمت عملی پر شہباز شریف اور اسحاق ڈار نے مشورے دئیے، لیگی قیادت کی چند اہم میٹنگز میں مریم نواز نے بھی شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاسوں میں اسٹیبلشمنٹ سے ٹکراو کی پالیسی اور بیانیے سے گریز کا فیصلہ ہوا ہے۔ موجودہ حالات انتقامی سیاست کا نتیجہ ہیں، مستقبل میں مفاہمت بڑھائیں گے۔ ن لیگ اجلاسوں میں پاکستان کے بڑے مسائل کے حل کیلئے مل کر چلنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاسوں میں اتفاق پایا گیا کہ انتقامی سیاست سے گریز کیا جائے گا۔ ن لیگ مستقبل کے بیانیے میں معاشی ایجنڈے پر فوکس کرے گی۔ علاوہ ازیں اسحاق ڈار لندن میں دو ہفتہ قیام کے بعد پاکستان چلے ہیں، شہباز شریف اور اسحاق ڈار نے نواز شریف سے اہم ملاقاتیں کیں۔ اسحاق ڈار دبئی سے ہوتے ہوئے پاکستان پہنچیں گے۔