لاہور (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) پنجاب میں آشوب چشم کی وبا میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، صوبے میں آنکھ کی بیماری سے متاثر افراد کی تعداد ایک لاکھ کے قریب جا پہنچی ہے۔ ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ آشوب چشم کے انفیکشن کے بعد اکثر شہروں میں آنکھوں کے ڈراپس اور عرق گلاب نایاب ہو گئے ہیں۔ آشوب چشم سے متاثر افراد ڈراپس کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ اس حوالے سے میڈیکل سٹور مالکان کا کہنا ہے کہ سپلائی نہیں آرہی اور ڈیمانڈ زیادہ ہے۔ذرائع محکمہ صحت کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران صوبے میں آشوب چشم کے 10 ہزار 269 مریض سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی مجموعی تعداد 99 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت کا بتانا ہے کہ آشوب چشم کے سب سے زیادہ بہاولپور میں 1540 مریض رپورٹ ہوئے، فیصل آباد میں 1132 ، ملتان میں 1048 اور رحیم یار خان میں 608 جب کہ لاہور میں 452 مریض رپورٹ ہوئے۔
پنجاب میں آشوب چشم کے مزید 10ہزار سے زائد کیس، تعداد ایک لاکھ ہوگئی
Oct 01, 2023