اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سائفر کیس میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت میںایف آئی اے نے چالان جمع کرا دےا ہے۔ جج ابو الحسنات کی عدالت میں جمع کرائے گئے چالان میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود کو ٹرائل کر کے سزا دینے کی استدعا کی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسد عمر ایف آئی اے کی ملزموں کی لسٹ میں شامل نہیں جبکہ سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان ایف آئی اے کے گواہ بن گئے جن کا 161اور 164کا بیان چالان کے ساتھ منسلک ہے، چالان میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر اپنے پاس رکھا اور سٹیٹ سیکرٹ کا غلط استعمال کیا، سائفر کاپی چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس پہنچی لیکن واپس نہیں کی گئی، چالان کے مطابق سیکرٹری خارجہ اسد مجید اور سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی گواہوں میں شامل ہیں، ان کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ فیصل نیاز ترمذی بھی ایف آئی اے کے گواہوں میں شامل ہیں۔ سائفر وزارت خارجہ سے لے کر وزیراعظم کے پاس پہنچنے تک پوری چین کو گواہوں میں شامل کیا گیا ہے۔