بھارت عالمی دہشت گرد تنظیموں کے ذریعے پاکستان میں بدامنی پھیلا رہا ہے،طاہر اشرفی

Oct 01, 2023

لاہور(آئی این پی)چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ بھارت عالمی دہشت گرد تنظیموں کو ڈالر دے کر پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی سازشوں میں مصروف ہے، بھارت اپنا یہ گھناﺅنا کھیل صرف پاکستان کیخلاف ہی نہیں کھیل رہا بلکہ اس کی ان سازشوں سے کینیڈا بھی محفوظ نہیں رہا، حال میں ہی کینیڈا میں سکھ رہنماﺅں کو قتل کرنے میں "مودی سرکار" اور "را" براہ راست ملوث پائے گئے ہیں،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل مستونگ اور ہنگو میں دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت کرتی ہے، پاکستان کے علما و مشائخ اور عوام دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے افواج پاکستان اور سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ ہیں،انہوں نے کہا کہ 12ربیع الاول کے مقدس موقع پر معصوم اور نہتے مسلمانوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والوں کا کوئی مذہب نہیں، بے گناہ انسانیت کو قتل کرنے والے اسلام، پاکستان اور انسانیت کے دشمن ہیں،طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے جو ہر وقت پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے رہتا ہے، ایسے دہشت گردی کے واقعات کروا کر ہماری اور دنیا کی توجہ اپنے اندرونی اور بیرونی مسائل سے ہٹانا چاہتا ہے،انہوں نے کہا کہ بھارت اپنا یہ گھناﺅنا کھیل صرف پاکستان کیخلاف ہی نہیں کھیل رہا بلکہ اس کی ان سازشوں سے کینیڈا بھی محفوظ نہیں رہا، حال میں ہی کینیڈا میں سکھ رہنماﺅں کو قتل کرنے میں "مودی سرکار" اور "را" براہ راست ملوث پائے گئے ہیں۔

مزیدخبریں