اسلام آباد(خبرنگار/نمائندہ خصوصی )وزارتِ مذہبی امور کے زیر اہتمام قومی سیرت النبی کانفرنس 2023 اختتام پذیر ہوگئی 12ربیع الاول کو منعقدہ سیرت کانفرنس کے اختتامی سیشن کی صدارت عارف علوی ، صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے کی جبکہ پہلے سیشن کی صدارت وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کی امسال سیرت کانفرنس کا موضوع ”ملکی معاشی استحکام کیلئے حکمتِ عملی؛ سیرت النبی کی روشنی میں “منتخب کیا گیا کانفرنس کے میزبان اور وزیر مذہبی امور انیق احمدنے اپنے افتتاحی خطاب میں کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے علمائے کرام کو چاہئے کہ انکے واعظ و نصیحت میں عہد حاضر کا لمس ہونا چاہئے۔ سیرت مصطفی کی مکمل پیروی میں ہمارے روزمرہ کے معاشرتی مسائل کا حل پوشیدہ ہے۔ آج کی سیرت کانفرنس میں علمائے کرام اور اہل دانش کو سیرت طیبہ سے ملکی معاشی مسائل کا حل پیش کرنے کی درخواست کی ہے۔ ہمیں بتائیں کہ سرکار دو جہاں اپنے امتی کو کیسا دیکھنا چاہتے تھے۔ ہمارے دین نے علم کو بہت اہمیت دی ہے، کیا ہم ایسا کر رہے ہیں ؟ کیا ہم قرآن و سنت سے رہنمائی لے کر تزکیہ حاصل کر رہے ہیں؟ایک مسلمان کی زندگی رائیگاں نہیں جاتی بلکہ اپنی اور معاشرے کی اصلاح میں بسر ہوتی ہے۔ سچا امتی وہ ہے جس کے اخلاق دیکھ کر نبی اکرم کے اخلاق یاد آئیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قرآن و سنت کی روشنی میں معاشی پالیسیوں کو ترتیب دینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام نے ارتکاز دولت کو زہر قرار دیا ہے ، قومیں نفاق سے نہیں بلکہ درگزر سے بنتی ہیں ، دنیا ایک اچھے اخلاقی معیار کی متلاشی ہے ، جن معاشروں میں انصاف قائم، درگذر ہو اور غریب کا خیال رکھا جائے وہ معاشرے کامیاب ہوتے ہیں ، حضورؓ کی زندگی ہم سب کے لئے ایک بہترین نمونہ حیا ت ہے،ہمیں عمل کے طرف آگے بڑھنا ہوگا ۔۔ کانفرنس میں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی، ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور سید عطا الرحمن ، علامہ رضی جعفر، ڈاکٹر ذیشان وائس چانسلر غزالی یونیورسٹی، ڈاکٹر حماد لکھوی، علامہ نعمان جامعہ بنوریہ، مفتی محمد زبیر، خورشید ندیم ، قبلہ ایاز چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ، حافظ طاہر اشرفی ، علامہ عارف واحدی ، ڈاکٹر یسین ظفر، سمیعہ راحیل قاضی ، مفتی محمد نجیب، ڈاکٹر سرفراز احمد اعوان اور علامہ ڈاکٹر راغب نعیمی نے اسلامی معیشت کے ذیلی عنوانات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کانفرنس سے ایک روز قبل محفل نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے معروف نعت خواں خواتین و حضرات نے گل ہائے عقیدت پیش کیے ۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر ہوابازی ایئرمارشل (ر) فرحت حسین ملک، وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان اور میزبان وزیر مذہبی امور انیق احمد نے ذکر حبیب کی سعادت حاصل کی۔ مقابلہ کتب سیرت و نعت و مقالاتِ سیرت کے انعام یافتگان میں نقد انعامات اور یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں