پاکستان اور جی سی سی کا آزادانہ تجارت کے معاہدے پر اتفاق

Oct 01, 2023

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کا آزادانہ تجارت کے معاہدے پر اتفاق رائے ہو گیا ۔ نگران وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار ڈاکٹر اعجاز گوہر اور جی سی سی کے سیکرٹری جنرل نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کئے ۔پاکستان اور جی سی سی کے مابین پاکستان ۔ جی سی سی ایف ٹی اے پر مذاکرات کا حتمی دور ریاض میں مکمل ہو گیا ہے ، مذاکرات 26تا 28ستمبر کو جی سی سی ہیڈ کوارٹر ریاض میں منعقد ہوئے ۔وزارت تجارت کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 2009سے لیکر اب تک کسی بھی خلیج تعاون کونسل کے رکن ملک کے ساتھ آزادانہ تجارت کا یہ پہلا معاہدہ ہے جو فریقین کے درمیان اقتصادی تعاون کے حوالے سے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان کے خلیج تعاون کونسل کے تمام رکن ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں اور آزادانہ تجارت کا یہ معاہدہ ان ممالک کے ساتھ ہمارے معاشی تعلقات کے فروغ کا سبب بنے گا ۔ آزادانہ تجارت کے معاہدے کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات مکمل ہونے کے موقع پر پاکستان کے نگران وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار ڈاکٹر گوہر اعجاز اور جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جیسم محمد البداوی نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کئے ۔فریقین نے معاہدہ پر عمل درآمد کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کا یہ معاہدہ اقتصادی خوشحالی کی نئی راہیں کھولے گا۔ واضح رہے کہ مشترکہ اعلامیہ کے بعد دونوں ممالک انتظامی سطح پر اس معاہدہ کی منظوری دیں گے جس کے بعد معاہدہ پر باقاعدہ دستخط کئے جائیں گے اور یہ معاہدہ قابل عمل ہو جائے گا ۔

مزیدخبریں