مقبوضہ کشمیر: 2 مزید بٹالینز تعینات، 2 کشمیری شہید، عید میلادالنبی کا جلوس نہ نکالنے دیا

Oct 01, 2023

سری نگر (نوائے وقت رپورٹ + کے پی آئی) بھارتی غیرقانونی قبضے والے کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلع کپواڑہ میں قابض بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ علاوہ ازیں مودی حکومت نے نہتے کشمیریوں کو ریاستی دہشت گردی اور ظلم و بربریت کا مزید نشانہ بنانے کیلئے راجوری اور پونچھ کے جڑواں اضلاع میں بھارتی سینٹرل آرمڈ پیرا ملٹری فورسز کے اہلکاروں کی 2 اور بٹالینزکو تعینات کیا ہے۔ بھارتی فوجیوں نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں سوپور کے علاقے سید پورہ میں ہفتہ کو چوتھے روز بھی بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری رکھی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں لال چوک سرینگر سے نکالے جانے والے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مرکزی جلوس پر پابندی لگانے کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔ مسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر سفاکانہ مظالم کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

مزیدخبریں