راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ترقی کرنے کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے اور اس کیلئے ہنگامی اقدامات کی از حد ضرورت ہے تاکہ باصلاحیت نوجوان نسل کیلئے روزگار کے ساتھ ساتھ زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع پیدا ہو سکیں۔یہ بات گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جاز ڈیجیٹل ڈیٹا پارک کے دورہ کے موقع پر کہی۔ انہوں نے ڈیجیٹل پارک کا تفصیلی دورہ کیا اور ان کو پاکستان میں آئی ٹی کے نئے رحجانات کے متعلق بریفنگ دی گئی۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ یہ ڈیجیٹل پارک فری لانسرز کے علاوہ فرمز اور سرکاری و نجی سطح کے اداروں کیلئے آئی ٹی کی جدید سہولیات فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مہارت حاصل کئے بغیر ترقی کی منازل طے کرنا ممکن نہیں ہے اور پاکستان میں نوجوان نسل میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے اور ہمارے نوجوانوں نے زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل کو جدید آئی ٹی کی مہارتیں سکھائی جائیں تاکہ وہ عالمی سطح پر موجود مواقع سے فائدہ حاصل کر سکیں۔