قومی کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کپتان بابراعظم کو ورلڈکپ میں جارحانہ انداز میں کھیلنے کا مشورہ دیدیا۔سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ پوری قوم بابر اعظم کو سپورٹ کر رہی ہے، جو ایک تجربہ کار ٹیم کے ساتھ کھیل رہے ہیں، کپتان کی پورے ٹورنامنٹ میں جارحانہ باڈی لینگویج ہونی چاہیے۔انہوں نے بھارت میں شیڈول ورلڈکپ میچز سے قبل بابراعظم کو مشورہ دیا کہ آپکو دباؤ سے نمٹنا ہوگا کیونکہ سب سے اہم چیز دباؤ کو سنبھالنا ہے۔سابق کپتان نے کہا کہ موجودہ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھارت میں کھیلنے کا تجربہ نہیں، انہیں کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے میں وقت لگے گا۔شاہد آفریدی نے کہا کہ گراؤنڈ کے اندر اور باہر یہ نظر آنا چاہیے کہ بابر اعظم کے اپنے میچ ونر اور اہم کھلاڑیوں کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں جہاں انھیں ان سے گراؤنڈ پلان پر بات کرنی چاہیے۔سابق آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ بابراعظم ٹیم کے سنئیر کھلاڑیوں کے ساتھ بیٹھے، ایک ساتھ ڈنر کریں، نماز پڑھیں اور ٹورنامنٹ میں میچ جیتنے والوں کو اعتماد دیں۔سابق چیف سلیکٹر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدران کو کپتان بابراعظم سے بات کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اعتماد دیں، مکی آرتھر اور انضمام الحق وہاں موجود ہیں جو اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔