صدر زرداری کی  اسحاق ڈار سے  ملاقات‘ بھائی کی وفات پر تعزیت

Oct 01, 2024

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے )صدر مملکت آصف علی زرداری نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی  اوران کے بڑے بھائی کی وفات پر اظہار تعزیت  کیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے بھائی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔صدر مملکت نے اسحاق ڈار کے بھائی کی وفات پر گہرے افسوس کا اظہار  کیا۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی صدر مملکت کے ہمراہ تھے۔ صدر مملکت نے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے بزرگ شہریوں کو اپنا تجربہ اور دانشمندی نوجوان نسل کو منتقل کرنے اور ملکی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرنے پر خراج ِتحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے معمر افراد کے عالمی دن کے موقع پر ہم بزرگ افراد کے لئے نگہداشت اور دیکھ بھال کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار معمر افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو منگل یکم اکتوبر کو منایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ شہری نہ صرف ہمارے معاشرے کی بنیاد ہیں بلکہ وہ علم ،حکمت اور تجربے کا منبع بھی ہیں، ہمارا مذہب ہمیں اپنے والدین اور بزرگوں سے محبت اور شفقت کے ساتھ پیش آنے کا درس دیتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے والدین اور بزرگ بچوں کی پرورش میں وقت، محبت، توانائی اور وسائل کی صورت میں بے پناہ قربانیاں دیتے ہیں، یہ ہماری اخلاقی اور مذہبی ذمہ داری ہے کہ ہم ان کے ساتھ عزت اور وقار کے ساتھ پیش آئیں اور بڑھاپے میں ان کا خیال رکھیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا آئین ریاست پر یہ ذمہ داری عائد کرتا ہے کہ وہ ان تمام شہریوں کے لئے ضروریات زندگی فراہم کرے جو کمزوری، بیماری یا بے روزگاری کی وجہ سے مستقل یا عارضی طور پر اپنی روزی کمانے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد اقدامات کیے ہیں، جیسے جیسے لوگوں کی عمر بڑھتی ہے وہ دوسروں پر انحصار کرنے لگتے ہیں اور انہیں خصوصی دیکھ بھال کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے، اس لئے ہمارے بزرگوں کو سستی طبی سہولیات تک رسائی دینا ناگزیر ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ بہتر صحت کی سہولیات کو ترجیح دیں، سماجی تحفظ بہتر بنائیں، بزرگوں کے حقوق کا تحفظ کریں اور انہیں ایک دوستانہ اور صحت مند ماحول فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن، آئیے پاکستان کو مزید جامع اور بزگ دوست ملک بنانے کی کوشش کریں۔

مزیدخبریں