لندن+ تل ابیب+ بیروت+ سیدون (آئی این پی+ این این آئی+ نیٹ نیوز) اسرائیل نے لبنان پر زمینی حملہ شروع کر دیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان پر اسرائیلی ٹینکوں اور آرٹلری کے حملے کی اطلاعات ہیں، اس حوالے سے اسرائیلی عہدیداران کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی جنوبی لبنان کے دیہاتوں میں محدود پیمانے پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کرے گی۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے اسرائیلی فوج نے لبنانی سرحد کے قریب بستیوں کو فوجی چھاؤنیاں قرار دے دیا ہے۔ امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ امریکہ نے لبنان میں اسرائیلی فوج کی جانب سے محدود جنگ چھیڑے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔لبنان میں ہونے والے اسرائیلی فوج کے حملے میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم کے اہم رہنما فتح شریف ابوالامین شہید ہو گئے۔ حماس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسرائیلی حملے میں فتح شریف سمیت ان کے کچھ اہل خانہ بھی شہید ہوئے۔ بیروت میں جاری اسرائیلی حملوں میں 24گھنٹوں میں مزید 105افراد شہید ہوگئے۔ لبنان کی وزارت صحت کے مطابق 24گھنٹوں کے دوران لبنان کی وادی بقاع عین الدلب سمیت دیگر علاقوں میں اسرائیلی فورسز کی بمباری میں 105افراد شہید ہوئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج بھاری جنگی ہتھیاروں اور اسلحہ بردار گاڑیوں کے ہمراہ لبنان کی سرحد کی جانب پیش قدمی کررہی ہے جس سے بڑے زمینی حملے کا امکان ہے۔ اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے 120ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا ہے۔ یمن میں اسرائیلی فوج کی بمباری سے 4افراد شہید اور 29زخمی ہوئے۔ دوسری جانب غزہ پر بھی اسرائیلی حملوں میں مزید 28فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے یمنی حوثیوں کے خلاف فضائی حملے کیے۔ غزہ میں تقریباً ایک سال سے جاری جنگ کے بعد جنگ کا اگلا سال شروع ہونے سے پہلے اسرائیلی فوج نے پہلے لبنان کو جنگ کی لپیٹ میں لیا اور اب یمن کو بھی اپنی جنگی لپیٹ میں لینا شروع کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اس نے یہ حملے یمنی حوثیوں کی طرف سے پچھلے دو دنوں میں کیے گئے میزائل حملوں کے جواب میں کیے جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہوگئے۔ برطانوی خبرایجنسی نے دو ذرائع کے حوالے سے کہا ہے حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ کی میت بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں اسرائیلی حملے کی جگہ سے برآمد ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک طبی اور سکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی کہ حسن نصر اللہ کی میت برآمد ہوگئی ہے۔ حسن نصراللہ کی نماز جنازہ پیر سے کسی غیر متعینہ تاریخ تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد عبوری طور پر سربراہی کرنے والے نعیم قاسم نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنا پہلا خطاب کیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم نے کہا کہ امریکا کی آشیرباد سے اسرائیل لبنان میں عام شہریوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ ہم اسرائیلی حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ نعیم قاسم نے کہا کہ پیجر حملوں، واکی ٹاکی حملوں اور پھر حسن نصر اللہ کی شہادت جیسے واقعات کسی اور تنظیم کے ساتھ ہوتے تو وہ کب کی ختم ہوچکی ہوتی لیکن حزب اللہ شہادت سے محبت کرنے والی جماعت ہے اور ہر قسم کی قربانیوں اور تکالیف کے باوجود اسرائیل کے خلاف لڑتی رہے گی۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے لبنانی شہر سیدون میں بمباری کر کے 24 افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس امر کی اطلاع لبنانی حکام نے دی ہے۔ حکام کے مطابق بمباری سے ہلاکتوں کا یہ واقعہ جنوبی لبنان کے شہر سیدون میں پیش آیا۔