پی اینڈ ڈی بورڈ پنجاب میں آئی ٹی ہارڈویئر پروڈکشن سے متعلق مشاورتی اجلاس

Oct 01, 2024

لاہور(کامرس رپورٹر)پی آئی ٹی بی کی جانب سے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب میں آئی ٹی ہارڈویئر پروڈکشن سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر، اکیڈمیہ اور انڈسٹری کے اہم سٹیک ہولڈرز نے تبادلہ خیال کیا۔  شرکاء نے مقامی ہارڈویئر مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے میں حکومت پنجاب کیساتھ تعاون کا اظہار کیا ۔شرکاء کا کہنا تھا غیر سرکاری چینلز کے ذریعے آئی ٹی گیجٹس کی درآمد پر سخت پابندی ہونی چاہیے اور ٹیکس میں چھوٹ بھی مدد گار ثابت ہو گی۔ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کہا پنجاب میں آئی ٹی کے مختلف پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق آئی ٹی ہارڈویئر مینوفیکچرنگ کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہماری فوقیت ہے۔ انہوں نے آئی ٹی ہارڈویئر کی ترقی کو آگے بڑھانے کیلئے شرکاء سے تجاوز طلب کیں۔ اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل، چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف، ڈی جی ای گورننس ساجد لطیف، چیف آئی ٹی وقاص رانجھا، چیف گورننس نصیر، سی ای او او زی گروپ مسٹر عثمان شیخ، سی ای او وائپر مسٹر خوشنود آفتاب، سی ای او ایئر لنک عدنان آفتاب، سی آئی او راڑا گروپ محمد عبداللہ افضل، سی ای او ڈائیسول عبد الباسط ، سی ایس او ابفا ٹیکنالوجی طاہر محمود اور دیگر ممتاز ماہرین نے شرکت کی۔

مزیدخبریں