لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر سے قومی کمیشن برائے حقوق اطفال کے وفد نے ملاقات کی۔ پولیو، امیونائزیشن، بچوں کی صحت ، نوجوان بچوں میں غذائی قلت اور بریسٹ فیڈنگ کے امور زیر بحث آئے۔صوبائی وزیر نے کہا اکتوبر کے تیسرے ہفتہ پنجاب میں مؤثر پولیو مہم شروع کی جارہی ہے۔2کروڑ، 33 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔انہوں نے کہا صوبہ پنجاب ہیلتھ انڈیکیٹرز میں دوسرے صوبوں سے آگے ہے۔ پولیو مہم کی مائیکرو پلاننگ کی تفصیل تمام ڈی ڈی ایچ اوز کو فراہم کردی ہے‘ سرپرستی کیلئے منتخب نمائندوں کو بھی شامل کیا جائیگا۔خواجہ عمران نذیر نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ ویکسینیٹرز کے ٹرانسپورٹیشن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ 14 سال 18 سال تک بچے بچیوں کو غذائی قلت کا سامنا ہے، انکے حل کیلئے موثر حکمت عملی بنائی جائے۔