کرم میں قبائلی تصادم سے نظام زندگی درہم برہم، تعلیمی ادارے بند، کھانے پینے کی قلت 

پشاور(این این آئی) خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں قبائل کے درمیان ہونے والے تصادم سے لوگوں کا نظام زندگی بری طرح متاثر ہے۔ پولیس حکام کے مطابق کرم کے مختلف مقامات میں قبائل کے درمیان جھڑپوں کے باعث پاراچنار پشاور شاہراہ سمیت آمدو رفت کے دیگر راستے بند ہیں۔ چیئرمین پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ محمد حیات خان نے بتایا کہ ضلع میں کشیدہ صورتحال کے باعث تعلیمی ادارے بھی ایک ہفتے سے بند ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں ڈی سی کرم جاوید اللہ محسود نے بتایا کہ لڑائی رکوانے کے لیے مشیران اورجرگہ کے ساتھ کوششیں کررہے ہیں، راستے کھولنے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق کشیدہ صورتحال سے پاراچنار مین شاہراہ اورپاک افغان خرلاچی بارڈر آج نویں روز بھی بند ہے، مین شاہراہ اوربارڈر کی بندش سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، علاقے میں اشیائے خوردونوش،ادویات، فیول اور دیگر روزمرہ استعمال کی چیزوں کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن