لاہور؍ قصور؍ پھولنگر (سٹاف رپورٹر+ نمائندگان+ نوائے وقت رپورٹ) چوری و ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں سمیت اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔ خطرناک شوٹر مارا گیا جبکہ پھولنگر میں پولیس مقابلے کے دوران 2 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق راوی روڈ میں حاجی صابر سے 2 لاکھ 20 ہزار روپے اور موبائل فون، غازی آباد میں عاصم سے 2لاکھ 10 ہزار روپے اور موبائل فون،گارڈن ٹاون میں واصف سے 1لاکھ 80 ہزار روپے اور موبائل فون، مسلم ٹاون میں افضل سے 1 لاکھ 70روپے اور موبائل فون، قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں فاخر سے 1 لاکھ 65 ہزار روپے اور موبائل فون، کاہنہ میں غضنفر سے 1لاکھ 60 ہزار نقدی اور موبائل فون، گلشن راوی میں قاسم سے ایک لاکھ 35ہزار روپے موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔ نصیر آباد اور مغل پورہ سے گاڑیاں جبکہ شادمان، مصری شاہ اور لوئرمال سے موٹرسائیکلیں چوری ہو گئیں۔ آرگنائزڈ کرائم یونٹ سول لائن اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں انتہائی خطرناک شوٹر و ڈاکو ملک عمران صابر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ ملزم کو ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے علاقہ تھانہ گجرپورہ لے جارہی تھی کہ ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ جس کے نتیجہ میں شوٹر ملک عمران صابر شدید زخمی ہو گیا جس کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ دریں اثناء کچھ عرصہ قبل صرافہ بازار پھولنگر میں کروڑوں روپے کی واردات کرنے والے ڈاکوؤں اللہ وارث ‘ مشتاق ‘ احمد رضا اور شکیل باگڑیاں کو سٹی پولیس ریکوری کر کے واپس جا آ رہی تھی۔ میگہ روڈ پر ڈاکوؤں کے 5 ساتھیوں نے چھڑوانے کیلئے پولیس وین پر فائرنگ کردی، جس سے زیر حراست ڈاکو مشتاق عرف ماکھی ہلاک ہو گیا جبکہ احمد رضا اور شکیل زخمی ہو گئے۔ فائرنگ سے 4 پولیس اہلکار بھی زخمی ہو ئے جبکہ ملزمان سرکاری رائفل اور اللہ وارث ڈاکو کو پولیس حراست سے چھین کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے مدکے پل نہر پر ناکہ بندی کی تو ملزمان نے فائرنگ کر دی، جبکہ ایک ملزم پولیس کو زخمی حالت میں ملا۔ پولیس زخمی ڈاکو اللہ وارث جوئیہ کو زخمی حالت میں تحصیل ہسپتال کوٹ رادھاکشن لے جا رہی تھی کہ اس نے راستہ میں ہی دم توڑ دیا ۔ علاوہ ازیں علاوہ ازیں تھانہ راجہ جنگ کے علاقہ میں گزشتہ شب ڈکیتی مزاحمت پر قتل کا ڈراپ سین ہو گیا۔ ہلاک ہونے والا شہری کاشف عرف لالی ہی ڈاکو نکلا، جو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔