کارساز حادثہ کیس، ملزمہ نتاشہ 43دن بعدجیل سے رہا

کراچی (سٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے کارساز حادثے میں ملوث ملزمہ نتاشہ کے دس لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظوری کے بعد رہائی کے احکامات جاری کردیئے ہیں، جس کے بعد انہیں 43دن بعد جیل سے رہائی مل گئی ہے۔ جبکہ سندھ ہائیکورٹ نے بھی کراچی میں کارساز حادثہ کیس میں گرفتار خاتون ملزمہ نتاشہ دانش کی منشیات کیس میں بھی ضمانت منظور کرلی ہے عدالت نے ملزمہ نتاشہ کی درخواست ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے یہ واضح کردیں عدالت کسی دباؤ میں آئے بغیر قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی۔یاد رہے کہ ملزمہ نتاشہ دانش کار ساز حادثہ کیس میں پہلے مقدمے میں ضمانت پر ہے۔ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالکریم خان آغا نے منشیات کیس میں ملزمہ نتاشہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، ملزمہ کی جانب سے وکیل بیرسٹر فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے۔جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے ملزمہ نتاشہ کے رہائی کے احکامات جاری کردیئے، مرکزی ملزمہ نتاشہ دانش کی امتناع منشیات کیس میں 10لاکھ کے مچلکے جمع کروائے گئے ہیں۔ جس کے بعد ملزمہ کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔  سندھ ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران ملزمہ کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ہماری ایک ایف آئی آر میں درخواست ضمانت منظور کی جاچکی ہے، اس کیس کی میں ایف آئی آر میں فریقین کے درمیان صلح ہوگئی ہے۔جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیے یہ بھی ایک بڑی بات ہے کہ اس کیس کے متاثرین کی جانب سے ملزمہ کے ساتھ صلح کرلی گئی ہے، ملزمہ تین بچوں کی والدہ ہے اور پچھلے ڈیڑھ ماہ سے جیل میں ہے۔سندھ ہائیکورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد انسداد منشیات کے مقدمے میں کارساز حادثہ کیس کی ملزمہ کی ضمانت منظور کی، عدالت نے ملزمہ کو ضمانت کے عوض 10لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن