روڈز سڑکوں کی ترقیاتی سکیموں کیلئے  3 ارب 47 کروڑ کے فنڈز کی منظوری 

لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2024-25ء کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے تیتسویں اجلاس میں روڈز سیکٹر کی 3 ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 3 ارب 47کروڑ 7 لاکھ 21 ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کی۔ صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی،, ان میں سرگودھا میں بھیرہ تا پھلرواں روڈ کی کشادگی و بہتری کیلئے 82کروڑ 53لاکھ 79ہزار روپے، پاکپتن میں چوک آرائیں تا ثاقب اڈہ براستہ سلیم کوٹ جھل تک پاکپتن کمیر روڈ کی بحالی کیلئے 1 ارب 56کروڑ 32لاکھ 7ہزار روپے اور رحیم یار خان میں نورے والی کراسنگ تا صادق آباد میٹلڈ روڈ کی مرمت و بحالی (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 8کروڑ 21لاکھ 35ہزار روپے شامل ہیں۔

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف نے کل 2 اکتوبر کو فیصل آباد میں احتجاج کا اعلان کرکے فیصل آباد سے منتخب ہونے والے 9 ایم این ایز اور 17 ایم پی ایز کیلئے چیلنج بنادیا۔ عام انتخابات کے بعد فیصل آباد میں تحریک انصاف نے پہلی سرگرمی رکھی ہے اور 2اکتوبر کو فیصل آباد، میانوالی اور ملتان میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی طرف سے فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور مقامی عہدیداروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ 2اکتوبر کو فیصل آباد میں بڑا احتجاجی شو لگایا جائے۔ ریکارڈ کے مطابق فیصل آباد کے 10میں سے 9 ارکان قومی اسمبلی اور 21 میں سے 17 ارکان صوبائی اسمبلی کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے۔ صرف ایک دن باقی ہے مگر مقامی سطح پر تحریک انصاف کا کوئی رکن اسمبلی اور عہدیدار ابھی تک سرگرم نہیں۔ ضلع بھر میں تحریک انصاف کے ایم این ایز، ایم پی ایز اور مقامی عہدیدار مکمل طور پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ شہر میں کہیں بھی کارکنوں کو سرگرم کرنے اور پارٹی کے احتجاجی شو کو کامیاب بنانے کیلئے اقدامات دیکھنے کو نہیں مل رہے۔

ای پیپر دی نیشن