اسلام آباد(خبرنگار)وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈو مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اہم اجلاس میں اداروں کی نجکاری کے لئے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے ہدایت کی ہے کہ نجکاری کے عمل میں مقابلے کی فضا اور کامیابی کے مقصد کو یقینی بنایا جائے تاکہ پرائیویٹائزیشن کا عمل صاف اور شفاف ہو۔پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے 225ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ و مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پرائیویٹائز ہونیوالے قومی اداروں میں مارکیٹنگ اور سیلز کی "پچ "کو برقرار رکھا جائے کیونکہ اداروں کی نجکاری سے پیسوں کے حصول کے ساتھ ان کی کامیابی کو بھی مدنظر رکھنا ہو گا۔ پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اجلاس میں وفاقی وزیر کی جانب سے محکمے کو ہدایات جاری کی گئیں کہ نجکاری کیلئے اخبارات میں دیئے جانیوالے اشتہارات کو متعلقہ فائل کا حصہ بنایا جائے اور نجکاری کے عمل میں شفافیت لانے کے لئے تمام قانونی ضابطوں پر سو فیصد عملدرآمد ہونا چاہیے۔ اجلاس میں زرعی ترقیاتی بینک، یوٹیلیٹی سٹورز سمیت مزید اداروں کی نجکاری کے حوالے سے امور پر بھی غور و خوض کیا گیا جبکہ فنانشل ایڈوائزر کی تعیناتی پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ علاوہ ازیں اجلاس میں نجکاری کے بعض تکنیکی معاملات پر غوروخوض کرتے ہوئے ان کے بارے اہم فیصلے بھی کئے گئے۔وفاقی وزیر نے پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے تمام ممبران کو زیادہ سے زیاد متحرک اور بورڈ کی کاروائی میں شرکت کی دعوت دی جس سے اس عمل کو تیز کرنے میں مدد ملے گی پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اجلاس کو وفاقی سیکرٹری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پرائیوٹائزیشن کے امور کو مکمل قانونی تحفظ حاصل ہے اور اس لئے تمام امور ضابطے کے مطابق انجام پذیر ہورہے ہیں۔ پرا ئیوٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اراکین نے گزشتہ اجلاس کی کاروائی سمیت مختلف فیصلوں کی منظوری دی۔
پرائیویٹائزیشن بورڈ اجلاس، نجکاری کیلئے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ
Oct 01, 2024