پاک بحریہ اور قطر نیوی کا شمالی بحیرہ عرب میں دو طرفہ مشق اسد البحر سوم 

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) پاک بحریہ اور قطر نیوی نے شمالی بحیرہ عرب میں دو طرفہ مشق اسد البحر سوم کا انعقاد کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس مشق میں قطر بحریہ کے جہاز الخور نے پاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس شمشیر اور پی این ایس اصلت کے ہمراہ حصہ لیا۔ دوطرفہ مشقوں کے دوران مختلف آپریشنز کیے گئے جن میں میری ٹائم انٹرڈکشن، سرچ اینڈ ریسکیو اور ایئر ڈیفنس مشقیں شامل ہیں۔ اس مشق کا مقصد خطے کی بحری حدود میں مختلف چیلنجوں سے نمٹنے کے ساتھ سمندر میں باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔ اسد البحر سوم جیسی دوطرفہ مشقوں کے انعقاد سے نہ صرف دونوں علاقائی بحری افواج کے مابین مشترکہ کارروائیوں کو بروئے کار لانے میں مدد ملے گی بلکہ مستحکم دوطرفہ دفاعی تعلقات کے لیے نئی راہیں ہموار ہوں گی۔ علاقائی بحری افواج کے ساتھ مشترکہ مشقوں کا انعقاد پاک بحریہ کے میری ٹائم ڈومین میں روایتی اور غیر روایتی چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کا مظہر ہے تاکہ خطے میں جہازرانوں کی سیکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔

ای پیپر دی نیشن