ایرانی پاسدارن انقلاب گارڈ نے اسرائیل پر حملے کے بعد اہم بیان جاری کر دیا ہے۔
ایران نے منگل کو اسرائیل پر حملہ کردیا ہے اور کئی بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران سے اسرائیل کی جانب کم از کم 102 میزائل فائر کئے گئے ہیں جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس میں سائرن بجنے لگے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران سے اسرائیل کی جانب کم از کم 400 میزائل فائر کیے گئے۔اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی پاسدارن انقلاب گارڈز نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل پر حملہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ کی شہادت کا بدلہ ہے۔ایرانی پاسدارن انقلاب نے کہا کہ اسرائیل نے جوابی کارروائی کی تو دوبارہ نشانہ بنایاجائے گا۔ایرانی فوج کے مطابق میزائلوں سے اسرائیل کے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔ خیال رہے کہ شام میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے کے بعد اپریل میں ایران نے اسرائیل پر متعدد میزائلوں سے حملہ کیا تھا۔جولائی میں ایرانی دارالحکومت میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد ایران میں اس حملے کا جواب دینے کے لیے دباؤ تھا تاہم ایران نے اس حملے کا جواب نہیں دیا تھا۔گزشتہ دنوں اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ بھی شہید ہوگئے تھے