اگر آپ کرکٹ فالو کرتے ہیں تو آپ نے گزشتہ 2 سالوں کے اندر ایک نئی اصطلاح 'Bazball' ضرور سنی ہوگی جو کہ خاص طور پر انگلش کرکٹ ٹیم سے منسوب ہے۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم 3 ٹیسٹ میچز کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچ رہی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 7 اکتوبر سے ملتان میں کھیلا جائے گا۔
2022 میں انگلش ٹیم نے دورہ پاکستان میں 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی اور میزبان ٹیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے وائٹ واش کیا۔اس سیریز میں انگلینڈ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف پہلے دن 506 رنزبنا کر ٹیسٹ کرکٹ کا 112 سالہ ریکارڈ توڑا۔انگلش ٹیم گزشتہ 2 سال سے Bazball کرکٹ کھیلنے کے لیے مشہور ہے ، سوشل میڈیا ہو یا پھر خبروں کی ہیڈلائنز یہ لفظ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم سے منسوب ہوگیا ہے۔گزشتہ روز بھارت اور بنگلادیش کے ٹیسٹ میچ کے دوران سابق انگلش کپتان نے بھارتی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے ایکس پر بیان جاری کیا اور کہا کہ 'میں دیکھ رہا ہوں کہ بھارت بیز بال کرکٹ کھیل رہی ہے'۔
آخر اس لفظ'Bazball 'کا مطلب کیا ہے؟
بیز بال لفظ کا بنیادی مطلب ٹیسٹ میچز میں جیت حاصل کرنے کے مقصد کے ساتھ تیز رنز بنانا ہے۔انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے کوچ برینڈن میک کلم کی قیادت میں ٹیسٹ کرکٹ کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے، جس میں سابق کیوی بیٹر کی نئی سوچ نے بظاہر کھیل کے طویل ترین فارمیٹ کھیلنے کے انداز کو بدل دیا ہے۔2022 میں انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے برینڈن میک کلم کو انگلش ٹیم کا ہیڈ کوچ اور بین اسٹوکس کو کپتان بنایا جس کے بعد انگلش ٹیم نے اپنی حکمت عملی بدلتے ہوئے روایتی ٹیسٹ میچ کے انداز کو مکمل طور پر بدلتے ہوئے ٹیسٹ میچز میں جارحانہ کھیل کے انداز کو اپنایا ہے۔جہاں ٹیسٹ میچ میں بیٹرز سست روی سے بیٹنگ کرتے تھے، وہیں اب انگلش ٹیم نے اس انداز کو تبدیل کرکے تیز بیٹنگ کرنا شروع کی اور رن ریٹ کو 4 سے 5 رنز فی اوور تک لے گئے اور ٹیسٹ میچ کے ایک دن میں 500 تک رنز بھی بنائے۔انگلش ٹیم میں یہ بڑی تبدیلی برینڈن میک کلم (جو خود بھی جارحانہ بیٹنگ کی وجہ سے جانے جاتے تھے) کے انگلینڈ کے کوچ بننے کے بعد آئی۔شاید آپ کو معلوم ہو یا نہ ہو ، میک کلم کو پیار سے 'Baz' کے نام سے پکارا جاتا ہے، ان کے انگلش ٹیم کے کوچ بننے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز کھیلنے کے انداز کو اپنایا ہے تو اس لیے ٹیسٹ کرکٹ میں اب جارحانہ کھیلنے کو 'Bazball'کا نام دیا گیا ہے۔
Bazball کا نام کس نے دیا؟
ٹیسٹ کرکٹ میں انگلش ٹیم کے جارحانہ کھیل کے انداز کو بیز بال کا نام کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے ایڈیٹر اینڈریو ملر نے 2022 میں ایک پوڈ کاسٹ میں دیا۔اینڈریو ملر نے برینڈن میک کلم کی کوچنگ میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے کرکٹ کے اس نئے برانڈ کے منظر عام پر آنے کے بعد اس جارحانہ کھیل کے انداز کو بیزبال کا نام دیا