جسمانی وزن میں کمی لانے کیلئے ناشتے کا بہترین وقت کونسا ہے؟

Oct 01, 2024 | 23:08

ایسا کہا جاتا ہے کہ ناشتہ دن کی سب سے اہم غذا ہے اور صبح پیٹ بھر کر کھانا جسمانی وزن میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔


مگر اس کے ناشتے کا وقت بہت اہم ہوتا ہے۔یہ بات اسپین میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔بارسلونا انسٹیٹیوٹ فار گلوبل ہیلتھ کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ جسمانی وزن میں کمی کے لیے نہ صرف ناشتہ ضروری ہے بلکہ کھانے کے وقت کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ 2 عادات طویل المعیاد بنیادوں پر جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔تحقیق کے مطابق رات کو زیادہ وقت تک خالی پیٹ رہنا اور جلد ناشتہ کرنے سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔اس تحقیق میں 40 سے 65 سال کی عمر کے 7 ہزار سے زائد افراد کو شامل کیا گیا تھا۔2018 میں ان افراد سے ایک سوالنامہ بھروا کر ان کے جسمانی وزن، قد، غذائی عادات، کھانوں کے اوقات، طرز زندگی کی عادات اور سماجی و معاشی حیثیت کے بارے میں تفصیلات حاصل کی گئیں۔ ان افراد کی صحت کا جائزہ 5 سال تک لیا گیا اور 2023 میں ان کی تفصیلات پھر حاصل کی گئیں۔نتائج سے معلوم ہوا کہ رات بھر کے فاقے اور صبح جلد ناشتہ کرنے سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔محققین کے مطابق رات کا کھانا اور صبح ناشتہ جلد کرنے سے جسمانی گھڑی کے افعال کو درست رکھنے میں مدد ملتی ہے جس سے زیادہ کیلوریز کو جلانے اور بھوک کی اشتہا کو کنٹرول میں رکھنا ممکن ہو جاتا ہے۔اس طرح صحت مند جسمانی وزن برقرار رکھنا بھی آسان ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ نتائج کی ٹھوس تصدیق ہوسکے۔اس تحقیق کے نتائج جرنل Behavioral Nutrition and Physical Activity میں شائع ہوئے۔

مزیدخبریں