مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف کے قریبی عزیز اور سابق رکن صوبائی اسمبلی سہیل ضیا بٹ کو نیب نے ساڑھے سات کروڑ روپے کے غبن کیس میں گرفتارکرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق رکن صوبائی اسمبلی سہیل ضیا بٹ اس مقدمے میں اشتہاری تھے اور نیب کورٹ کے احکامات پر انہیں لاہور کے علاقے ماڈل ٹاون میں سی بلاک مارکیٹ سے گرفتار کیا گیا ۔ توقع ہے کہ  جمعرات کی صبح انہیں عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔ نیب ذرائع کے مطابق  سہیل ضیا بٹ کے خلاف نینشل انڈسٹڑیل کوآپریٹو فنانس کارپوریشن کے ساڑھے سات کروڑ روپے غبن کرنے کا الزام ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سہیل ضیا بٹ کے خلاف انیس سو پچاسی میں کوآپریٹو سکینڈل میں عوامی رقوم کو غبن کرنے کے خلاف دو ریفرنس قائم کئے گئے تھے اور نیب نے اپنے قیام کے بعد دو ہزار ایک میں ایک اور ریفرنس قائم کیا تھا۔ اس گرفتاری کی اطلاع ملتے ہی سہیل ضیا بٹ کے بیٹے، مسلم لیگ نون کے ایم این اے عمر سہیل ضیا بٹ نیب ہاؤس پہنچے اور والد سے ملاقات کی ۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کو والد کو گرفتار نہیں ، اغوا کیا گیا ۔

ای پیپر دی نیشن