پشاور: متنی بازار میں بم دھماکہ‘12 افراد جاں بحق‘18 زخمی‘ کئی دکانیں تباہ

پشاور (بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) پشاور کے نواحی علاقہ متنی بازار میں بم دھماکہ کے نتیجہ میں 12 افراد جاں بحق اور 18دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔ دھماکہ ایک گاڑی میں نصب بم کے پھٹنے سے ہوا جس کے نتیجہ میں متعدد دکانیں تباہ ہوگئےں۔ تفصیلات کے مطابق نامعلوم تخریب کاروں نے نواحی علاقہ متنی بازار میں وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے کیلئے ایک گاڑی میں دھماکہ خیز مواد نصب کر رکھا تھا۔ یہ گاڑی متنی بازار کی کوکھرخیل مارکیٹ میں واقع حاجی گل معراج کی ورکشاپ میںکھڑی کی گئی تھی جو جمعہ کی شام ایک زوردار دھماکہ سے پھٹ گئی۔ دھماکہ اتنا شدید تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور اس کے نتیجہ میں متعددگاڑیاں اور دکانیں تباہ ہو گئیں دھماکہ کے فوراً بعد لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹروں اور طبی عملہ کو ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا۔ مرنے والوںکی نعشوں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پانچ سے زائد زخمیوںکی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکار عبدالحق کے مطابق دھماکہ میں 30 سے40کلوگرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ہے جبکہ اس کے ساتھ وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے کیلئے گاڑی میں مارٹرشیل بھی رکھے گئے تھے اور دھماکہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے ہوا۔ ایک عینی شاہد جاوید خان کے مطابق وہ بازار میں موجود تھا کہ اچانک ایک زور دار دھماکہ ہوا جس سے پورا علاقہ لرز اٹھا اور اس کے ساتھ ہی دھویں اور گردوغبار کے بادل چھا گئے جس کے بعد اس نے دیکھاکہ چاروں طرف نعشیں اور زخمی بکھرے پڑے تھے۔ ادھر لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں کھڑی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس سمیت دیگر اداروں کے ایمبولینسوں پر ہسپتال آتے ہوئے مشتعل افراد نے دھاوا بول دیا۔گاڑیوں پر پتھراﺅ کیا مشتعل افراد کا مو¿قف تھا کہ دھماکہ کی جگہ پر نعشیں اور زخمی پڑے ہیںاور ایمبولینس ہسپتال میںکھڑی ہیں۔ علاوہ ازیں خیبر پی کے کے وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیاکہ حکومت کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ خیبر پی کے کے وزیراعلی امیر حیدر خان ہوتی نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بشیر احمد بلور نے بھی واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو ہر محاذ پر ناکامی ہوگی۔ لاہور خصوصی نامہ نگار کے مطابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے معصوم شہریوں کی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔علاوہ ازیں ایس پی رورل خورشید خان کے مطابق دھماکے میں شمالی وزیرستان کے پولیٹیکل تحصیلدار ہاشم گل بیٹے، بھائی اور کزن سمیت جاں بحق ہو گئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں ہاشم گل کو نشانہ بنایا گیا۔ ہاشم گل متنی کے علاقے ادیزئی کے رہائشی تھے اور گاڑی کی مرمت کرانے متنی بازار آئے تھے۔

ای پیپر دی نیشن