لاہور (نمائندہ سپورٹس) لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر خواجہ ندیم احمد نے کہا ہے کہ محمد اکمل پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ہے، دورہ زمبابوے سے قبل عمر اکمل کے معاملے کو مس ہینڈل کیا گیا اور زیادتی کی گئی۔ وہ قومی ٹیم کا سب سے فٹ کھلاڑی ہے اور اس وقت بھرپور فارم میں بھی ہے اگر اسے زمبابوے لے جایا جاتا تو اس کا اعتماد اور بہتر ہو جاتا۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ خواجہ ندیم نے کہاکہ ملک میں کرکٹ کا بے انتہا ٹیلنٹ ہے مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ چونکہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ نہیں ہو رہی تو زمبابوے جیسے آسان دورے پر نئے لڑکوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دئیے جاتے مگر ایسا نہیں ہوا جس کا ذمہ دار پاکستان کرکٹ بورڈ ہے جس کی حکمت عملی واضح نہیں۔ حارث سہیل نے ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل سکور کیا ہے مگر اسے مناسب چانس نہیں دیا جا رہا۔ عمر امین اور دوسرے نئے لڑ کوںموقع دینا چاہئے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا پوری طرح اظہار کر سکیں۔ ٹیم میں نئے لڑکوں کے ساتھ آئندہ کپتان تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے خواجہ ندیم احمد نے کہا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ ہم مصباح الحق کے بعد مستقبل کے کپتان کو تیار کریں اور اسے آنیوالے وقت کے لئے تربیت دیں مگر اس کے لئے ضروری ہے کہ ایسے شخص کو کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بنایا جائے جو مضبوط فیصلے لینے کی اہلیت رکھتا ہو۔ قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کو اپنا کردار اسی طرح ادا کرنا چاچاہئے جیسے عمران خان، وسیم اکرم اور وقار یونس کرتے تھے اور نوجوان لڑکوں کو ساتھ ساتھ تیار کیا کرتے تھے مگر اب ایسا نہیں ہو رہا۔