اسلام آباد (این این آئی) انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی سے الحاق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے آئی او سی کے چارٹر کے خلاف کام کرنے والی کھیلوں کی مختلف فیڈریشنز کی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ پی او اے کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے جن سپورٹس فیڈریشنز نے اسلام آباد کے قومی گیمز میں حصہ لیا ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے ان کھیلوں کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے اس نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف حسن کو تاکید کی ہے کہ چاروں صوبوں ، فاٹا ، اسلام آباد ،آرمی، ایئرفورس، نیوی اور ریلوے سمیت مختلف فیڈریشن جنہوں نے انٹرنیشنل اولمپک آئین کے خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر آئینی نیشنل گیمز اور متوازی اولمپک انتخابات میں شرکت کی ہے کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس بارے میں فیصلہ ستمبر میں منعقدہ پی او اے کی جنرل کونسل اجلاس میں کیا جائے گا۔