چارسدہ (آئی این پی ) جمعیت علماء اسلام (ف)کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ قیام پاکستان میں ہمارے اسلاف کی قربانیاں شامل ہیں، اقتدار کسی کی جاگیر یا وراثت نہیں، حکومت پر ایک خاص طبقے کا قبضہ ہے، ہم اپنے مقاصد کے حصول پر کسی سے سمجھوتہ نہیں کر تے، جمعیت اپنے فیصلوں میں بااختیار ہے، کسی کا دباﺅ قبول نہیں کرتی۔ وہ ہفتہ کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ لاجز میں اپنی رہائش گاہ پر رکن قومی اسمبلی مولانا سید گوہر شاہ کی قیادت میں چارسدہ کے وفد سے ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر حاجی حنیف اللہ حسرت، مولانا جمیل احمد، حاجی اختر منیر، محمد جان، حاجی ملک امان اللہ، حاجی مولانا عبدالوکیل، پیر محبوب عالم اور دیگر بھی موجود تھے۔ مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا کہ انہوں نے مشرف کا دباﺅقبول نہیں کیا تو کسی اور کا حکم قبول کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ بلوچستان اور خیبر پی کے میںحکومت سازی کے حوالے سے ہمارے تحفظات کو سنجیدگی سے نہیں لیاگیا، یہی وجہ ہے کہ دونوں صوبوں میں ماضی سے زیادہ بدامنی اور خون خرابہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔ پاکستان اندرونی اور بیرونی سازشوں کا شکار ہے۔ ریاست بچانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔ مولانا فضل الرحمان نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سیاست کے ادنیٰ جماعت کے طالب علم مگر خود کو سیاست کا ماسٹر سمجھتے ہیں۔ عمران خان قوم پر مغرب کا ایجنڈا لاگو کر نے کیلئے پاگل بنا ہوا ہے۔ کوٹھی اور بنگلے پگڑیوں اور داڑھی والوں کیلئے کوئی معنی نہیں رکھتے۔ ہماری الگ دنیا ہے ۔ حکومت میں یا خزب اختلاف میں رہنا ہمارا حق ہے۔ ہم حالات کے ساتھ چلتے ہیں کسی کا فیصلہ اپنی ذات اور پارٹی پر مسلط نہیں کر تے۔ جمعیت علمائے اسلام کی سربلندی اور اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ سے باہر جدوجہد کر رہی ہے۔
ملک اندرونی، بیرونی سازشوں کا شکا ر ہے، سلامتی کو خطرات لاحق ہیں: مولانا فضل الرحمن
Sep 01, 2013