لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پارلیمنٹ اور وزیراعظم ہائوس جیسے اعلی ترین ریاستی اداروں پر حملہ کرنے کے واقعہ کو پاکستان کی سیاسی تاریخ کا سیاہ ترین دن شمار کیا جائیگا۔ سیاست کا نام لینے والے کچھ نام نہاد لیڈروں نے آئین اور قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ملک کے اعلی ترین اداروں اور عمارتوں پر حملہ کیا اور ان پر قابض ہونے کی کوشش کی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کی دانشمندی کے باعث ملک ایک بڑے سانحہ سے بچ گیا اور حملہ آوروں کو مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہو سکے۔ وہ گزشتہ روز ارکان اسمبلی کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ نعشوں کی سیاست کرنے کے خواہشمند نام نہاد سیاستدانوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ گزشتہ روز کے واقعات کے بعد پاکستان میں جمہوریت اور ترقی کے ان دشمنوں کو آئین اور جمہوریت کی بات کرنا زیب نہیں دیتا۔ انہوں نے سوال کیا کہ دنیا کا کونسا قانون یا اخلاقیات جتھے بنا کر پارلیمنٹ اور وزیراعظم ہائوس پر حملہ کرنے اور قابض ہونے کی کوشش کرنے کی اجازت دیتا ہے؟ پاکستان میں آئین اور سلامتی کی ضامن دیگر عمارتوں کی جانب بڑھنے والے ان نام نہاد سیاستدانوں نے عورتوں اور بچوں کو بھی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان اس اقدام کے بعد اپنے حامیوں کی اکثریت کی ہمدردیاں کھو بیٹھے ہیں۔ عمران خان اور طاہرالقادری بعض اسلامی ممالک کی طرح پاکستان کو بھی جنگ کا میدان بنانا چاہتے ہیں لیکن پاکستان کے عوام نے ان کے ارادوں کو بھانپ لیا ہے۔ میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں، حامیوں اور ووٹروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں اور ان عناصر کی تمام تر اشتعال انگیز حرکتوں کے باوجود کسی رد عمل کا مظاہرہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن ہمارا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں، مسلم لیگ (ن) انکی اس خواہش کو کبھی پورا نہیں ہونے دیگی۔ عمران خان نے دھرنے کے دوران اپنی گفتار اور قانون شکنی کے اقدامات کے ذریعے پاکستان کی نوجوان نسل کو کوئی اچھا رول ماڈل فراہم نہیں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کو ایک نہ ایک دن تاریخ کے اس سوال کا ضرور جواب دینا پڑیگا کہ عین اس وقت جب مذاکرات اپنے آخری مراحل میں داخل ہو رہے تھے تو انہوں نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے اپنے لوگوں کو ریاستی اداروں پر دھاوا بولنے کی ہدایت کیوں کی؟ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اپنے حامیوں اور نوجوانوں کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑا۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے سابق ڈپٹی چیئرپرسن سینٹ ڈاکٹر نورجہاں پانیزئی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
ملک دشمن ہمارا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں، خواہش کبھی پوری نہیں ہونے دیں گے: شہباز شریف
Sep 01, 2014