لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب کے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ اتوار کے روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام ہوا۔ اس مقصد کیلئے لاہور سمیت صوبے کے 13شہروں میں 25 امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔ پنجاب بھر سے مجموعی طور پر 45156 امیدواروں نے ٹیسٹ میں شرکت کی جن میں 30575 طالبات جبکہ 14581 طلبہ شامل تھے۔ اسلام آباد میں ڈی چوک پر کشیدگی کے باوجود راولپنڈی میں قائم کردہ چاروں مراکز پر 5000 سے زائد امیدواروں نے ٹیسٹ دیا۔ لاہور میں 6 امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔ اس موقع پرتمام امتحانی مراکز میں دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی۔ والدین کے بیٹھنے کیلئے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ لاہور کے چھ امتحانی مراکز میں مجموعی طور پر 13374 امیدواروں نے ٹیسٹ دیا جن میں سے 9198 طالبات اور 4176 طلبہ تھے۔ امیدواروں نے انٹری ٹیسٹ کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔حکومت پنجاب کی ہدایت پر سینئر بیوروکریٹس اور اعلیٰ انتظامی افسران نے ٹیسٹ کی نگرانی کی۔ لاہور میں ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر زاہد پرویز، ڈی جی پاپولیشن قیصر سلیم، ممبرز بورڈ آف ریونیو جاوید نثار سید، ایڈیشنل کمشنر ریونیو آصف اقبال اور ڈی سی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے انٹری ٹیسٹ کے انتظامات کی نگرانی کی۔ دیگر شہروں میں بھی انٹری ٹیسٹ پرُامن طریقے سے منعقد ہوا۔ فیصل آباد سے4423، ساہیوال سے 2281، ملتان سے6575، بہاولپور سے 2051، رحیم یار خان سے1261، سرگودھا سے1845، راولپنڈی سے5721، حسن ابدال سے 646، گجرات سے1377 ، گوجرانوالہ سے 2671 ، سیالکوٹ سے 1505جبکہ ڈی جی خان سے 1426امیدواروں نے ٹیسٹ دیا۔ تمام سنٹرز پر امتحان کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے جنریٹرز کا انتظام کیا گیا تھا۔ محکمہ صحت کا عملہ اور ایمبولینس کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھی۔ اس سال بھی انٹری ٹیسٹ میں سیلف سکورنگ سسٹم کو برقرار رکھا گیا ہے اور طلبہ اپنی جوابی کاربن کاپی کے ذریعے جوابی کلید کی مدد سے اپنا سکور خود معلوم کرسکتے ہیں۔ مزید برآں یو ایچ ایس نے مختلف کلرکوڈز کے پرچوں کی جوابی کلید اپنی ویب سائٹ www.uhs.edu.pk پر جاری کردی ہے جس کی مدد سے امیدوار اپنا رزلٹ خود تیار کر سکتے ہیں۔ سرکاری طور پر نتائج کا اعلان 10روز میں کیا جائیگا۔ اگلے مرحلے میں صرف وہی امیدوار اوپن میرٹ کی بنیادپر ایڈمیشن فارم جمع کرانے کے اہل ہوں گے جو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے فارمولے کے مطابق 82 فیصد یا اس سے زائد مجموعی نمبر حاصل کریں گے۔ ایڈمیشن فارم 23 ستمبر سے 02اکتوبر تک جمع کرائے جا سکیں گے جن میں امیدوار کالجز کیلئے اپنی چوائس دیں گے۔ یہ ایڈمیشن فارم اور پراسپیکٹس یو ایچ ایس لاہور، راولپنڈی میڈیکل کالج راولپنڈی اور نشتر میڈیکل کالج ملتان سے ان تاریخوں کے دوران مفت دستیاب ہوں گے۔ میڈیکل کالجوں کیلئے پہلی لسٹ 30 اکتوبر کو لگے گی۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری میڈیکل کالجوں میں سیٹوں کی کمی کی وجہ سے انٹری ٹیسٹ دینے والے ہزاروں امیدواروں کے داخلہ سے محروم رہنے کا خدشہ ہے‘ ہزاروں امیدوار مہنگے پرائیویٹ کالجوں میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہونگے۔ پنجاب بھرمیں سرکاری میڈیکل کالجزکی تعداد 16ہے جن میں تین ہزار کے قریب سیٹیں ہیں۔ اسی طرح پچیس پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں چھ ہزار کے قریب امیدواروںکے داخلے کی گنجائش ہے۔
انٹری ٹیسٹ
پنجاب کے میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ، 45156 امیدواروں کی شرکت
Sep 01, 2014