پشاور (این این آئی) اے این پی خیبر پی کے کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ امیرحیدرخان ہوتی نے تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی کی جرأت مندانہ مؤقف کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ جاوید ہاشمی کپتان اور علامہ کے ناپاک ارادے بھانپ گئے اور انکے اصولی مؤقف جمہوریت کی جیت ہے، جاوید ہاشمی کارکنوں کو دھرنا ختم اورپرامن رہنے کی ہدایات دیں، عمران خان اور علامہ طاہر القادری آزادی اورانقلاب مارچ کے نام پر نعشوں کی سیاست کرناچاہتے ہیں ،خو دکنٹینر اور بلٹ پروف گاڑی میں بیٹھے رہے اورکارکنوں کو اشتعال دلا کر ان کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑدیا، حالات کو نو ریٹرن پوائنٹ پر جانے سے قبل فریقین کو مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالنا چاہئے۔ وہ یونین کونسل مسلم آباد میں تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ جاوید ہاشمی نے جمہوریت اورملک کے استحکام کیلئے ایک بار پھر ’’باغی ‘‘بن کر اصولی موقف اختیار کیا ہے ۔ گذشتہ 17 دنوں سے جاری ’’سٹیج شو ‘‘ کے دوران ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔ پاکستان کے نام پر مینڈیٹ لینے والوں نے اپنے عوامی وعدے بھلا دیئے ہیں۔
امیر حیدر ہوتی