لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشین ہاکی فیڈریشن کے کانگرس اجلاس میں پاکستان کو تین اہم عہدوں پر منتخب کر لیا گیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپیئن رانا مجاہد ایشین ہاکی فیڈریشن میں نائب صدر کے عہدہ پر منتخب ہو گئے ہیں ماضی میں اس عہدے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر اولمپیئن قاسم ضیاء فرائض انجام دے رہے تھے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے موجودہ صدر اولمپیئن اختر رسول اے ایچ ایف ایگزیکٹو بورڈ کے ممبر منتخب ہونے کے علاوہ ایشین ہاکی فیڈریشن کے صدر پرنس عبداﷲ کے ایڈوائزر بھی مقرر ہو گئے ہیں۔ ملائیشیا میں منعقد ہونے والے اے ایچ ایف کانگرس اجلاس میں ایف آئی ایچ ماسٹر کوچ طیب اکرام کو ایشین ہاکی فیڈریشن کا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ کوالالمپور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد کا کہنا تھا یہ اب ہماری کوشش ہوگی کہ ایشا لیول پر ہاکی کھیل کی ترقی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ پاکستان کو ایشین ہاکی فیڈریشن میں ملنے والے تین عہدوں کی وجہ سے پاکستان ہاکی کو فائدہ ہو گا۔ ماضی میں ایشین ہاکی ٹیمیں پاکستان کے دورہ پر نہیں آتی تھیں اب کوشش کی جائے گی کہ پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی سرگرمیوں کو شروع کرنے کے لیے جونیئر لیول پر غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان مدعو کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشین ہاکی فیڈریشن میں پاکستان کو ملنے والے عہدے کا مطلب ہے کہ ایشیا لیول پر پاکستان ہاکی کو انٹرنیشنل سرگرمیوں سے دور نہیں رکھا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تین آفیشلز کا اے ایچ ایف میں منتخب ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ایشین ہاکی فیڈریشن ہاکی کی ترقی کے لیے پاکستان کو کسی صورت پیچھے نہیں رکھنا چاہتی۔