باجوڑ( این این آئی) باجوڑ ایجنسی میں حکومت کے حامی قبائلی رہنما کی گاڑی کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں ان کا ڈرائیور ہلاک اور 4 افرادزخمی ہوگئے۔ دھماکہ سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ہوا۔سکیورٹی فورسز نے علاقہ کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پیر کو وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقے فاٹا کی باجوڑ ایجنسی کی تحصیل خار میں شدت پسندوں کی جانب سے سڑک کنارے نصب کیا گیا بم اس وقت زوردار دھماکے سے پھٹ گیاجب قبائلی رہنما کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی ۔ بتایا گیا ہے کہ دھماکے میں قبائلی رہنما محفوظ رہے، تاہم ان کا ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔ جبکہ 4افراد زخمی ہو گئے۔واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔گذشتہ ہفتے باجوڑ ایجنسی کی تحصیل چمرکنڈ میں سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں قبائلی رہنما ملک گل رحیم ہلاک ہوگئے تھے، جس کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔