لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین اور سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار کھوسہ نے اعلان کیا ہے کہ مسلم لیگی دھڑوں کو ضم کر کے ایک ’’مسلم لیگ‘‘ بنائی جائے گی۔ گذشتہ روز سردار ذوالفقار کھوسہ کی رہائش گاہ ڈیفنس میں چودھری شجاعت حسین اور ان کے ساتھیوں چودھری طارق بشیر چیمہ، سردار مقصود لغاری اور سردار ذوالفقار، دوست محمد خان اور میاں آصف موصل کی ملاقات میں یہ طے پایا کہ نہ صرف مسلم لیگی دھڑوں کو مسلم لیگ کے پلیٹ فارم پر لایا جائے گا بلکہ مسلم لیگ کے ساتھ ماضی میں بھی رہنے والوں سمیت مسلم لیگی ذہن رکھنے والے جو لوگ دوسری سیاسی جماعتوں میں چلے گئے ہیں انہیں بھی واپس ’’مسلم لیگ‘‘ میں لایا جائے گا۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین اور سردار ذوالفقار کھوسہ نے کہا کہ ہماری ’’مسلم لیگ‘‘ نظریاتی سیاسی جماعت ہوگی اور ہم اس نظریے پر چلیں گے جس کے تحت تحریک پاکستان چلی اور پاکستان حاصل کیا گیا۔ چودھری شجاعت اور سردار ذوالفقار کھوسہ نے کہا کہ ہم ملک کی سیاست میں تبدیلی لائیں گے۔ مسلم لیگیوں کا قافلہ لے کر چلیں گے تو مسلم لیگ مضبوط قوت بن جائے گی۔ سردار ذوالفقار کھوسہ نے کہا کہ ملک میں اس وقت جو حالات بن چکے ہیں اس کے خلاف سب سے پہلے میں میدان میں آیا۔ اس وقت میں اکیلا تھا اور اکیلے ہی چلتے رہے مجھے خوشی ہے کہ چودھری شجاعت بھی وہی سوچ اور پیغام لے کر میرے پاس آئے کہ مسلم لیگی دھڑوں کو اکٹھا کرنا چاہیے اس سے مسلم لیگ سیاسی طاقت بنے گی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ذوالفقار کھوسہ نے جیسا کہا کہ کھوسہ صاحب چلتے رہے اور قافلہ بنتا گیا۔ ہم قوم کو خوشخبری دے رہے کہ ’’مسلم لیگ‘‘ ملک کے لئے امید کی کرن لائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں چودھری شجاعت نے کہا کہ مسلم لیگی ذہن جہاں بھی بیٹھا ہے ہم اسے ساتھ لائیں گے۔ سردار ذوالفقار کھوسہ نے کہا کہ اوچ شریف سے مخدوم سید افتخار حسین گیلانی ایم پی اے بارش کا پہلا قطرہ ہیں۔ ہمارے ساتھ اور ممبران اسمبلی بھی آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مخدوم صاحب کو لالچ، دھونس دینے کی کوشش کی گئی لیکن وہ ثابت قدم رہے۔ ذوالفقار کھوسہ نے کہا کہ حکمرانوں نے خوفزدہ ہو کر ہی پچھلے دنوں بہت سے ایڈوائزر بنائے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں لالچ کے پیچھے جاتا تو ان کی حکومت کیوں چھوڑتا، مجھے کوئی لالچ نہیں بلکہ میں اپنے وطن کی خاطر مہم چلا رہا ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں سردار ذوالفقار کھوسہ نے کہا کہ مسلم لیگ نواز اب شخصی پارٹی بن چکی ہے اور اسے خود وہ لوگ نواز لیگ کہتے ہیں۔ ہم کسی شخصی پارٹی کے پیچھے نہیں چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز لیگ میں وراثت قائم کر دی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے نواز شریف کا نام لئے بغیر کہا کہ مسلم لیگ کے دھڑے ان لوگوں کی خود غرضی اور رویوں کی وجہ سے بنے۔ ان لوگوں کے سلوک کی وجہ سے لوگ دھڑے بناتے رہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا مسلم لیگی دھڑوں کا الائنس نہیں بنا رہے بلکہ ایک مسلم لیگ بنائیں گے جو نظریاتی مسلم لیگ ہوگی۔
تمام لیگی دھڑوں کو اکٹھا کر کے ایک مسلم لیگ بنائیں گے: چوہدری شجاعت‘ ذوالفقار کھوسہ
Sep 01, 2015