گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) زیر تعمیر مکان سے سات روز قبل لاپتہ ہونیوالی کمسن بچی کی نعش برآمدہوگئی۔ بتایا گیا ہے کہ ہاشمی کالونی کے رہائشی ریڑھی بان کی پانچ سالہ بیٹی نبیلہ سات روز قبل گھر کے باہر سے اچانک غائب ہو گئی تھی، ورثاء نے تلاش کے باوجود سراغ نہ ملنے پر تھانہ سبزی منڈی میں رپورٹ درج کروا دی تاہم علاقہ میں واقع زیر تعمیر مکان سے تعفن اٹھنے پر اہل علاقہ نے جا کر دیکھا تو بچی کی نعش پڑی تھی۔ اطلاع ملنے پر بچی کے لواحقین اور سبزی منڈی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے اسے شناخت کر لیا۔ پولیس نے نعش کو ضروری کارروائی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا۔ اس حوالے سے بچی کے ورثاء کا الزام تھا کہ نبیلہ کو اسکے محلہ کے نشئی افراد نے مبینہ طور پر تشدد اور زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کیا۔ پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی۔