اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے ممکنہ دہشت گرد حملوں کے پیش نظر سرکاری دفاتر اور عمارات کی سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی جس کے تحت پارکنگ ایریا سمیت سرکاری اداروں کے قریبی مقامات کی حفاظت کو ہر ممکن یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔ سرکاری افسران اور ملازمین سکیورٹی پاس دوران ڈیوٹی آویزاں کرنے کے پابند ہوں گے۔ ذرائع نے بتایاکہ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ دفتری کارڈز کی داخلی راستوں پر چیکنگ ممکن بنائی جائیگی۔ دفتری اجازت نامہ کے بغیر کسی شخص کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سیکرٹریٹ بلاکس، شہید ملت سیکرٹریٹ میں تمام مہمانوں کو داخلے کیلئے شناختی کارڈ دکھانا لازمی ہوگی۔ گریڈ 16 اور نچلے تمام ملازمین کے مہمانوں کو ریسپشن پر ملنے کی اجازت ہوگی۔ سکیورٹی افسر متعلقہ وزارت اور ادارے کی اچانک چیکنگ کے ذریعے سیکورٹی اقدامات کا جائزہ لے گا۔