لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان بھی یورپ کی طرح ترقی کرسکتا ہے مگر لٹیرے حکمرانوں نے ملک کو بھکاری بنادیا۔ پاکستان کا بچہ بچہ مقروض ہے اور آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی زنجیروں میں جکڑا ہوا ہے۔ قومی دولت لوٹنے والوں کا بلاامتیاز احتساب ہونا چاہئے۔ جو لوگ ملک میں کاروبار نہیں کرنا چاہتے انہیں یہاں سایست کا بھی کوئی حق نہیں۔ ایسے لوگ پاکستان کی جان چھوڑ دیں۔ مظلوم عوام ظالم جاگیرداروں، وڈیروں اور ساہوکاروں سے نجات کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ لندن میں احباب کنونشن کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور یورپ میں لاکھوں پاکستانی اسلامی و خوشحال پاکستان کے لئے جماعت اسلامی کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں۔ پاکستان کو اگر کرپٹ اور لٹیرے حکمرانوں سے آزاد کرا لیا جائے تو پاکستانیوں کو روزگار کے لئے کسی دوسرے ملک کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی اپنی اور ملک کی شناخت کو برقرار رکھیں اور اپنے کردار سے ثابت کریں کہ وہ دنیا میں تہذیب و تمدن اور اخلاق کے لحاظ سے کسی سے پیچھے نہیں۔ انہوں نے کہا وقت آگیا ہے کہ لٹیروں کے پیٹ پھاڑ کر قومی دولت نکلوائی جائے۔ دریں اثناء سراج الحق نے خیبر پی کے میں ضلعی ناظمین اور تحصیل ناظمین کو ان کے انتخاب پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے لندن سے جماعت اسلامی خیبر پی کے کی قیادت کو فون کے ذریعے مبارکباد کا پیغام پہنچایا اور نومنتخب ضلعی ناظمین اور تحصیل ناظمین کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی خدمت دیانتداری اور امانتداری کے ساتھ انجام دیں۔