دینی مدارس کیخلاف کارروائیاں بیرونی ایجنڈا ہے:حنیف جالندھری

Sep 01, 2015

راولپنڈی (سلطان سکندر) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف خان کی زیر صدارت اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کا اجلاس 3 ستمبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ جس میں دینی مدارس کی رجسٹریشن‘ اس مقصد کیلئے فارم بنا دے۔ مدارس کا ڈیٹا مرتب کرنے اور دیگر مسائل پر غور کیا جائے گا۔ جبکہ ستمبرکے پہلے عشرے میں وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوگا۔ جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان،ڈی جی آئی ایس آئی اور اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کے قائدین شرکت کریں گے۔ اس اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان اور دینی مدارس کے مسائل پر غور کیا جائیگا۔ یہ بات وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ قاری محمد حنیف جالندھری نے پیر کے روز نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اور کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کا ایک حصہ دینی مدارس کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ حکومت نے حال ہی میں پورے ملک میں دینی مدارس پر چھاپے مارے ہیں۔ لیکن کوئی مطلوب شخص‘غیرقانونی اسلحہ دہشت گرد برآمد نہیں ہوا۔ حکومت کو واضح طور پر اعلان اور اعتراف کرنا چاہئے کہ دینی مدارس کا کسی غیرقانونی سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں علماء اور دینی مدارس کیخلاف کریک ڈاؤن‘ انہیں بلاجواز تنگ کرنا اور ان کی خودکشی کرنا ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہے۔ دینی مدارس کیخلاف کارروائیاں بیرونی ایجنڈا ہے۔

مزیدخبریں