اسلام آباد (آئی این پی+ این این آئی) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن کے ممبران کے انفرادی استعفوں سے کمشن کی کارکردگی پر کوئی اثر نہیں پڑیگا، اگر فرق پڑتا تو جسٹس فخر الدین جی ابراہیم کے استعفے کے بعد کمشن خیبر پی کے کے بلدیاتی انتخابات میں عمران خان کی بدترین دھاندلی رکوا سکتا۔ وہ گزشتہ روز کارکنوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ممبران کو ہٹانے کیلئے سپریم جوڈیشل کونسل میں جانا پڑیگا جو واحد آئینی راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی سوچ سے عاری ہیں۔ اگر الیکشن کمشن کے ممبران انکے دبائو کی وجہ سے مستعفی ہوجائیں تو دوسرے ممبران آجائیں گے اور کمشن کی کارکردگی وہی رہے گی۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عمران خان اپنے پہلے دھرنے سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کریں پھر دوسرا دھرنا دیں۔