196 ممالک کو خطوط بھجوائے، کشمیر پر اکتوبر میں عالمی کانفرنس ہوگی: ایاز صادق

Sep 01, 2016

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مسئلہ کشمیر پر سفارتی مدد حاصل کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم اور انسانی حقوق کی نہ ختم والی خلاف ورزیوںکے سلسلے کو عالمی سطح پر اجاگر کر نے کیلئے 196 ممالک کی پارلیمانوں کے سپیکروں کو مکتوب ارسال کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی پارلیمنٹ کی کلیدی ترجیح ہے اور پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتیں اس پر متفق ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر کے نومنتخب صدر مسعود خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوںنے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہائوس میں سپیکر سے ملاقات کی۔ سپیکر نے کہا کہ بربریت، انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور ظلم وستم سے عوام کے حق خودارادیت کی تحریکوں کو دبایا نہیں جاسکتا۔ سر دار ایاز صادق نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کی آزادی کی تحریک کیلئے عالمی سطح پر حمایت حاصل کرنے کے لیے قومی اسمبلی رواں سال 13 اور 14 اکتوبر کو ایک عالمی کانفرنس منعقد کروا رہی ہیں۔ صدر نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے سپیکر قومی اسمبلی کی کاوشوں پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا۔ سردار محمد مسعود خان نے گورنر خیبر پی کے انجینئراقبال ظفر جھگڑا اور سینٹ میں قائد حزب اختلاف چودھری اعتزاز احسن سے خیرسگالی ملاقاتیں کیں۔ آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی و ترقیاتی صورتحال، مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناء ایاز صادق نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے کیخلاف کسی قسم کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اقتصادی راہداری منصوبہ چین کی طرف سے پاکستانی عوام کے لئے تحفہ ہے جس سے پاکستانی عوام کو بے پناہ فواہد ملیں گے۔ بدھ کے روز سپیکر کے چیمبر میں چین کے سفیر کی سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات میں ہوئی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ امور اور پارلیمانی روابط مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال ہوا۔

مزیدخبریں