لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانا پاکستان کی ذمہ داری ہے، کشمیری 70 سالوں سے اپنی آزادی کی جنگ لڑ ہے ہیں، امریکہ بھارت معاہدے پاکستان کا گھیرا تنگ کرنے کی سازش ہے، امریکہ کو کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کیوں نظر نہیں آتے؟ بھارت پروپیگنڈا کے ذریعے تحریک آزادی کو کمزور کرنا چاہتا ہے، بنگلہ دیش میں پاکستان سے محبت کے جرم میں پھانسی کی سزائیں سنائی جا رہی ہیں۔ جماعت اسلامی کے رہنما میر قاسم کی سزائے موت کے خلاف اپیل سپریم کورٹ نے مسترد کر دی ہے۔ حکومت پاکستان او آئی سی اور سلامتی کونسل سمیت ہر فورم پرآواز بلند کرے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے مرکز القادسیہ چوبرجی میں مرکزی ذمہ داروں اور کارکنوں کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد سعید نے کہا کہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لئے انتہائی ناگزیر ہے۔ اس کے بغیروطن عزیز پاکستان ہمیشہ خطرات سے دو چار رہا ہے۔ ہم مظلوم کشمیری مسلمانوں کے ساتھ ہیں اور انہیں آزادی ملنے تک ہر لحاظ سے ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، یٰسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی اور دیگر قائدین اگر پاکستان سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ کا نعرہ لگارہے ہیں توہمیں بھی ان کی مددوحمایت کرنی چاہیے۔ حکومت کوکسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہئے۔ امریکہ کی طرف سے پاکستان کے گھیرائو کیلئے بھارت کی بندرگاہیں اور اڈے استعمال کرنے کے معاہدے کئے گئے۔ بھارت اور امریکہ پاک چین راہداری منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے عالمی سطح پر پاکستان مخالف سازشیں شروع کئے ہوئے ہیں۔
کشمیریوں کی تحریک آزادی منطقی انجام تک پہنچانا پاکستان کی ذمہ داری ہے: حافظ سعید
Sep 01, 2016