حمزہ شہباز نے کبھی این اے 120 میں نوازشریف کی انتخابی مہم نہیں چلائی: پرویز رشید

Sep 01, 2017

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے 2013ء میں بھی این اے 120 میں انتخابی مہم مریم نواز نے چلائی تھی۔ حمزہ شہباز کی ساری ٹیم ہمارے ساتھ ہے۔ حمزہ شہباز نے کبھی بھی اس حلقے میں نوازشریف کی انتخابی مہم نہیں چلائی۔ مریم میری بیٹی کی طرح ہے۔ ہم پاٹی کارکن کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔ این اے 120 کے عوام نوازشریف کے ساتھ یکجہتی ضرور دکھائیں گے۔ گزشتہ الیکشن میں ہم نے 40 ہزار ووٹوں سے برتری حاصل کی تھی۔ پی ٹی آئی کو جتنے 2013ء میں ووٹ ملے تھے‘ اب اس سے بہت کم ملیں گے۔ عمران خان نے پشاور کو ڈینگی کے حوالے کر دیا اور خود ایک مرتبہ بھی ڈینگی مریضوں کی عیادت کیلئے نہیں گئے۔ ایک اپیل کا حق دہشت گرد کو بھی دیا جاتا ہے۔ پانامہ کیس میں نوازشریف کو ایک اپیل کا حق بھی نہیں دیا گیا۔ فیصلے سے اختلاف رکھنے کا حق سب کو ہوتا ہے۔ میرا سیاست میں کسی کے ساتھ کوئی ذاتی جھگڑا نہیں۔ سیاست میں اپنی سوچ پر قائم ہوں اور اسے درست سمجھتا ہوں۔ نیوز لیکس میں کمشن کی رپورٹ آنے سے پہلے ہی مجھے سزا دیدی گئی تھی۔ جتنے بھی کمشنز بنے ہیں سب کی رپورٹ منظرعام پر آنی چاہئے۔ خواہ وہ حمودالرحمن ہو یا اسامہ بن لادن پر بنا کمشن۔ پاکستان کے چیلنجز میرے مسائل سے بہت بڑے ہیں۔

مزیدخبریں