اسلام آباد(آئی این پی+ این این آئی)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی اور وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے یہاں وزیراعظم آفس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی جس میں اپنے حلقے کی ترقیاتی سکیموں سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ دریں اثناء وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں ریاستوں اور سرحدی علاقہ جات کی وزارت سے متعلق امور پر تبادل خیال کیا گیا ۔ قبل ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت بوہرہ برادری کو اس کی انسانی ہمدردی خدمات اور سماجی کاموں میں ہرممکن معاونت فراہم کرتی رہے گی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے دائودی بوہرہ برادری کے وفد نے نائب صدر فیکی حکیمی اور مستنصر ایچ پونا والا کی قیادت میں جمعرات کو یہاں وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ وفد نے وزیراعظم کو منصب سبنھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے بوہرہ برادری کے رہنما سید مفضل سیف الدین کی طرف سے نیک خواہشات پہنچائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ انسانی ہمدردی خدمات اور سماجی کاموں میں ہرممکن معاونت فراہم کرتی رہے گی۔ وزیراعظم نے بھی سید مفضل سیف الدین کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ وفد میں جذیر بھائو صاحب‘ کومیل یونس‘ منصور اجمیر والا‘ ذوالفقار آدم اور حسین کومیل شامل تھے۔