اسلام آباد(صباح نیوز)آزادجموں وکشمیر کے صدرسردارمسعودخان نے کہاہے کہ بھارت ایک منظم منصوبے کے تحت مقبوضہ کشمیرمیں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کیلئے باہر کے لوگوں کو آبادکررہاہے۔ایک نجی نیوزچینل کو دئیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ مقبوضہ وادی میں مسلمان آبادی کاتناسب بتدریج کم ہورہاہے۔مسعودخان نے کہاکہ بھارت نام نہاد مغربی پاکستان کے نام نہاد پناہ گزینوں اور بنگال، بہار اورراجستھان کے لوگوں کو مقبوضہ وادی میں مستقل رہائش کے اجازت نامے دے رہاہے۔آزادکشمیر کے صدر نے کہاکہ غیرکشمیریوں کو ملازمتیں بھی دی جارہی ہیں جو آئین کے منافی ہے۔ انہو ں نے کہاکہ کشمیریوں کی املاک بیرونی لوگوں کے ہاتھ فروخت کی جارہی ہیں اور بھارت اپنی فوج کے ریٹائرڈ افسروں کوبھی وادی میں آباد کررہاہے اور ان کیلئے الگ کالونیاں بنائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حکومت نے یہ مسئلہ اقوام متحدہ میں اٹھایا اور اس سلسلے میں ایک خط بھی لکھاہے۔
بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کیلئے باہر کے لوگ آباد کر رہا ہے : سردار مسعود
Sep 01, 2017