کراچی (صباح نیوز) ڈاکٹر عافیہ کی بہن اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی جرم بے گناہی کی پاداش میں امریکی جیل میں قید کا معاملہ بحیثیت قوم شرمندگی کا باعث ہے‘ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے اپوزیشن رہنما کے طور پر اور 2013ء میں تیسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی، بیٹی مریم اور قوم سے عافیہ کو وطن واپس لانے کا وعدہ کیا تھا۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف کو ارسال کردہ مکتوب میں کہا ہے کہ امریکی حکومت کی جانب سے ڈاکٹر عافیہ کو رہا کرنے پر آمادگی ظاہر کرنے کے باوجود عافیہ کی’’امریکی قید ناحق‘‘ میں کئی عیدیں گزر گئیں‘ 2008ء سے 2017 ء تک حکمرانوں نے عافیہ کی وطن واپسی کے ایک نہیں کئی مواقع ضائع کئے اب موقع ضائع نہیں ہونا چاہئے۔ قومی وقار کا تقاضا ہے امریکہ سے مذاکرات میں عافیہ کی وطن واپسی ایجنڈے میں سرفہرست ہونا چاہئے۔