نواز شریف کے بچوں ، اسحاق ڈار کے اثاثے منجمد کئے جائیں،نیب لاہور نے ریفرنسز تیار کر کے ہیڈکواٹر بھجوادئیے

Sep 01, 2017 | 17:58

ویب ڈیسک

قومی احتساب بیورو لاہور نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز منظور کرکے ہیڈ کوارٹرز بھجوادیئے جس میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے اثاثے منجمد کرنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ نیب راولپنڈی نے بھی شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز منظور کرلئے ہیں۔پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس دائر کرنا ہے جسے اب مکمل کرلیا گیا ہے جب کہ اس حوالے سے نیب لاہور اور راولپنڈی نے جے آئی ٹی کے سابق سربراہ واجد ضیا کا بیان بھی ریکارڈ کیا ۔نیب لاہور کے ریجنل بورڈ کا اجلاس ڈائریکٹر جنرل میجر(ر)شہزاد سلیم کی سربراہی میں ہوا جس میں دو ریفرنسز کی منظوری دی گئی۔ ذرائع کے مطابق جن ریفرنسز کی منظور دی گئی ان میں ایک ریفرنس شریف خاندان کے لندن فلیٹس اور دوسرا وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ہے۔نیب لاہور نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنس میں نوازشریف سمیت حسن، حسین اور مریم نواز کے اثاثے منجمد کرنے کی سفارش کی گئی جب کہ ان کے بینک اکاﺅنٹس بھی منجمد کرنے کا کہا گیا ہے۔ نیب لاہور کے ریجنل بورڈ نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے منقولہ و غیر منقولہ اثاثے منجمد کرنے اور ان کے خلاف کارروائی کی بھی سفارش کی ہے۔نیب لاہور نے 15 سے 20 روز قبل ہیڈ کوارٹرز سے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی تاہم اس پر کوئی کام نہیں ہوا۔ دوسرا اجلاس نیب راولپنڈی کے ریجنل بورڈ کا ہوا اس میں بھی شریف خاندان کے خلاف عزیز یہ مل کی خریداری سے متعلق ریفرنس کی منظوری دی گئی جبکہ دوسرا ریفرنس شریف خاندان کی ملکیت میں 11 سے زائد کمپنیوں کا ہے۔نیب لاہور نے اپنے ریفرنسز منظور کرکے ہیڈ کوارٹرز کو بھجوادیئے ہیں جبکہ نیب راولپنڈی کی طرف سے بھی جلد کارروائی کی منظوری کا امکان ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق عید کے بعد نیب کا ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوگا۔ امکان ہے کہ یہ چاروں ریفرنس عید کے بعد نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پیش کیے جائیں گے جس میں چیئرمین نیب ان کی جانچ کے بعد حتمی منظوری دیں گے اور پھر ریفرنسز کو عدالت میں دائر کیا جائے گا۔واضح رہے کہ نیب نے ریفرنس کی تیاری کے حوالے سے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کو طلب کیا تھا تاہم انہوں نے سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی اپیل پر فیصلہ آنے تک پیش ہونے سے انکار کردیا تھا۔دوسری جانب راولپنڈی نیب کی عید کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ آٹھ ستمبر سے پہلے اس ریفرنس کو جلدازجلد مکمل کیا جائے تاکہ نیب چیئرمین قمر زمان چودھری نیب اجلاس میں اس کی منظوری دیں۔

مزیدخبریں