ارمچی (اے پی پی) افغانستان کے ایوان بالا کے سپیکر فیصل حادی مسلم یار نے کہا کہ افغانستان دی بیلٹ اینڈ روڈ کی تعمیر سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے اور چین کے ساتھ زیادہ وسیع پیمانے پر تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔ارمچی میں منعقد ہ چین یوریشیا ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین امن پسند ملک ہے اور عالمی معیشت کا اہم انجن ہے،اقتصادی، سماجی اور ثقافتی شعبوں میں باہمی تعاون سے دونوں ملکوں کو خاطر خواہ فائدے حاصل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان چین کا دوست اور ہمسایہ ہے اور قدیم شاہراہ ریشم پر واقع اہم ملک بھی۔اس لیے افغانستان دی بیلٹ اینڈ روڈ کی تعمیر میں بھر پور حصہ لے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیو کی پوری حمایت کرتا ہے۔ افغان حکومت افغانستان میں صنعتی و تجارتی ماحول کو بہتر سے بہتر بنائے گی، اور سرمایہ کاری کے لیے ماحول کو سازگار کرے گی۔