شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) کوٹ پنڈی داس میں بااثر زمیندار نے شادی شدہ خاتون کے چہرے، گردن اور بازو سمیت دیگر اعضاء سگریٹ سے داغ دئیے۔ خاتون نسیم بی بی اپنے شوہر کی بیماری کی وجہ سے زمیندار محمد یعقوب کے بھٹہ پر اینٹیں تیار کرنے کا کام کرتی تھی۔ گزشتہ روز ملزم نے خاتون سے زیادتی کرنے کی کوشش کی، انکار پر اس نے انتقاماً اس کا جسم سگریٹ سے داغ کر ظلم کی انتہا کردی۔ مظلوم خاتون نیم برہنہ حالت میںملزم کے چنگل سے بھاگ کر گھر پہنچ گئی۔ فیکٹری ایریا پولیس کے اے ایس آئی نے خاتون کا میڈیکل کرانے کی بجائے اسے با اثر چوہدری سے صلح پر مجبور کرتا رہا اور اس نے خاتون کو دھمکی دی کہ اگر ملزم زمیندار سے صلح نہ کی تو وہ چوری کے مقدمہ میں اسکو جیل بھیج دیگا۔ خاتون نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری طور پر انصاف اور تحفظ کی اپیل کی ہے جبکہ متعلقہ پولیس نے خاتون کے بیان کی تصدیق نہ کی ہے ۔