لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کی پہلی زلمی مدرسہ لیگ النجوم رائزرز نے جیت لی۔ پاکستان کی پہلی اور تاریخی زلمی مدرسہ لیگ کا شاندار فائنل ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں کھیلا گیا۔ فائنل میں الواحدہ فائٹرز نے تین وکٹوں پر ایک سو چار رنز بنائے۔ عادل نواز بیالیس اور جلیل بیس رنز بناکر نمایاں رہے۔ حارث اور لقمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ النجوم رائزرز نے ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر حاصل کرکے میچ چھ وکٹوں سے جیت لیا۔ پاکستان کے لیجنڈ بیٹسمین یونس خان اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ یونس خان, چیئرمین پشاور زلمی جاویدآفریدی, ہیڈکوچ محمد اکرم , وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اور دیگر نے انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر یونس خان نے کہا کہ زلمی مدرسہ لیگ پشاور زلمی فاؤنڈیشن کا بہترین اقدام ہے۔ مدارس کے طلبا کو کھیلوں کی سرگرمیاں فراہم کرنا احسن اقدام ہے۔ ان مدارس سے جہاں کرکٹ کا ٹیلنٹ سامنے آئیگا وہیں مذہبی روادای کو فروغ ملے گا۔ چیرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے کہا پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن پاکستان اور خیبر پختونخواہ میں خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ زلمی فاؤنڈیشن کے تحت زلمی مدرسہ لیگ کے انعقاد سے مدارس کے طلبہ کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کا مشن شروع کیا ہے اس آگے بڑھائیں گے اور مستقبل میں پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی زلمی مدرسہ لیگ کا انعقاد کریں گے۔ پشاور زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ اور ہیڈکوچ محمد اکرم نے کہا کہ مدارس کے طلبا کو اس لیگ کے بعد کرکٹ کھیلنے کا سامان اور کوچنگ مہیا کریں گے۔ زلمی مدرسہ لیگ میں خیبر پختونخواہ کے بارہ مدارس نے شرکت کی۔
پہلی زلمی مدرسہ کرکٹ لیگ النجوم رائزرز نے جیت لی
Sep 01, 2018